اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت پیٹرول کا کوٹہ مختص کرنے کے لیے ڈیجیٹل ایپ تیار کر رہی ہے جس کے تحت شہریوں کو مخصوص کوٹہ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کے لیے نئے ڈیجیٹل سسٹم کی تجویز صدر آصف علی زرداری کو پیش کرنے جارہے ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی کھپت کو روکنا اور وفاقی خزانے پر سبسڈی کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
ڈیجیٹل کوٹہ سسٹم کیسے کام کرے گا؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے ایک مخصوص موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، صارفین کو ایپ میں اپنی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔
ہر رجسٹرڈ صارف کو اس کے استعمال کے انداز اور ایندھن کی دستیابی کی بنیاد پر روزانہ یا ماہانہ پیٹرول اور ڈیزل کا ایک مخصوص کوٹہ الاٹ کیا جائے گا اور شہری صرف اپنے مختص کوٹے کی حد تک ہی پیٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف آج صدر زرداری سے صدارتی محل میں ملاقات کریں گے، جس میں اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت اب تک 100 ارب روپے کی فیول سبسڈی دے چکی ہے، اب وزیراعظم اس سبسڈی کے اخراجات میں صوبائی حکومتوں کو شامل کرنے کی تجویز دیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود گزشتہ ایک سال کے دوران ایندھن کی کھپت میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ سخت اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے بڑا حکومتی ریلیف پیکیج کا اعلان
