اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر اور ریلیونٹ آواز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جس سے بھارت میں شدید پریشانی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی حکومت پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیشہ “پاکستان کھپے” کے نعرے لگا کر ملک سے وابستگی ظاہر کی، اور سیاست دانوں نے ملک کی خاطر اپنی ذات سے بڑھ کر قربانیاں دی ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شخصیت پرستی اور انا پرستی ملک دشمن رویے کی علامت ہے، اور سیاسی جماعتوں کے اندرونی اختلافات کو ملک کی پالیسی کے خلاف استعمال کرنا شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے خلاف مہم چلانے سے عوام کے روزگار اور معیشت شدید متاثر ہو سکتی ہے، اور کسی نے بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی بات نہیں کی۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پاکستان کو بیل آؤٹ سے روکنے کی کوشش کی گئی، اور اگر پاکستان ڈیفالٹ کرتا تو سب سے زیادہ نقصان مزدور، فیکٹری ورکر، کسان اور عام عوام کو ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر ملک دشمنی ناقابل قبول ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتوں اور تعلقات پر بھی تنقید کی، کہا کہ عوامی سطح پر ویڈیوز اور تصاویر واضح باڈی لینگویج اور گفتگو ظاہر کرتی ہیں، اور ملاقاتوں کو “اتفاقی” کہنا کمزور وضاحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو ملک کے مفاد کو ذاتی تعلقات سے بالاتر رکھنا چاہیے، تاکہ پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوں اور ملک مزید مضبوط ہو۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام، مزدور اور کسان پاکستان کی اصل طاقت ہیں، اور ملک دشمن اقدامات کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں محض وعدے ثابت ہوئے، اور 190 ملین پاؤنڈ کیس اور کرپشن سکینڈلز نے ملک کو نقصان پہنچایا، لیکن پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے ناکام ہوں گے۔
مزید پڑھیں:سرکاری اداروں اور ٹیکس اہداف کا جائزہ،آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی راہ ہموار
