اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے عازمین کیلئے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے پاک حج موبائل ایپ پر میڈیکل فارم پُر کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر صورت جمعہ تک اپنا میڈیکل فارم مکمل کریں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ طبی سوالنامہ عازمین کو حج کے دوران بہتر اور مربوط طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔ اس فارم میں عازمین کو اپنی صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں بلڈ پریشر، دل کی بیماری، ذیابیطس، دمہ، گاؤٹ اور تھائیرائیڈ جیسے امراض شامل ہیں۔ سوالنامے کے جوابات ہاں یا نہیں میں دینا ہوں گے۔
وزارت کے مطابق عازمین کی سہولت کیلئے پاک حج ایپ کو مسلسل اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔ ایپ میں حج ویزوں کی پرنٹنگ کا براہ راست لنک فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ عازمین اپنی پروازوں کا مکمل شیڈول بھی اسی ایپ کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایپ میں مرحلہ وار نئے فیچرز اور معلومات شامل کی جا رہی ہیں، اس لیے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقاعدگی سے ایپ چیک کرتے رہیں تاکہ اہم اعلانات سے بروقت آگاہ رہ سکیں۔
وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت تک میڈیکل فارم جمع نہ کروانے کی صورت میں عازمین کو سفری مراحل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:دبئی میں فلم ایوارڈز سولہ ملتوی، خطے میں کشیدگی کے باعث بڑا فیصلہ
