(اوصاف نیوز) جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے تریخ کونڑ نالے میں سونے کے ذرات کی موجودگی کی خبر سامنے آنے کے بعد مقامی آبادی کی بڑی تعداد نالے کی طرف پہنچ گئی، جہاں لوگوں نے سونا تلاش کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
مقامی عمائدین کے مطابق بعض افراد مبینہ طور پر سونے کے ذرات جمع کرنے کے لیے خطرناک کیمیکل “مرکری” کا استعمال بھی کر رہے ہیں، جس کے باعث تحصیل کانی گرم میں نالے کا پانی شدید طور پر آلودہ ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مرکری کے استعمال سے نہ صرف پانی بلکہ انسانی صحت اور ماحولیات کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ افواہ کے بعد نالے پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے اور لوگ روزانہ کی بنیاد پر سونا تلاش کرنے میں مصروف ہیں، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ ماحول کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ ایران سے دوبارہ جنگ نہیں کریں گے: برطانوی جریدے کی رپورٹ
