اسلام آباد (اوصاف نیوز) گرمی کی شدت بڑھنے سے پہلے ہی ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا، جس کے باعث مختلف شہروں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، جبکہ پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے باعث شہروں میں 6 سے 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہے، جہاں لیسکو کو ایک ہزار میگاواٹ سے زائد کمی کا سامنا ہے۔
ملتان، جھنگ اور پشاور میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔ ملتان میں شہری علاقوں میں 8 سے 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی بند رہنے لگی ہے، جبکہ پشاور میں بعض علاقوں میں 15 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
طویل بجلی بندش سے کاروبار زندگی متاثر ہو رہا ہے اور شہریوں کو رات کے اوقات میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی غیر موجودگی کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو گئی ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق آر ایل این جی، پانی اور تیل کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:کرایہ داروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دیدی گئی

