باجوڑ (اوصاف نیوز) افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری ،2بچوں سمیت 3 افرادشہید ہوگئے جبکہ 3شدید زخمی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان کی باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت ،بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور 2بچوں سمیت 3افراد شہید،3 شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے، پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی،اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بناڈالا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی میں افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کردیا ۔ پاک فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا ۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں، افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا ان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں:لاہور سے کراچی جانے والی بس جل کر خاک،افسوسناک خبر
