Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے نئی اپڈیٹ،مکمل تفصیلات

لاہور (نیوز ڈیسک) موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری، اب پنجاب میں ”لرنر اور ریگولر“ ڈرائیونگ لائسنس ایک ہی دن دستیاب ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ کے عمل میں انقلابی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت موٹر سائیکل سوار اب ایک ہی دن میں اپنا لرنر پرمٹ اور باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد لائسنس کے حصول میں تاخیر کو ختم کرنا اور شہریوں کو قانونی ڈرائیونگ کی طرف راغب کرنا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں اب تک 2.354 ملین موٹر سائیکل لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ جاری کیے گئے لائسنسوں میں سے 10 لاکھ سے زائد باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ 6.71 ملین سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنسوں کی تجدید کی جبکہ 7.10 ملین افراد نے لرنر سروسز سے استفادہ کیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ سڑکوں پر حادثات کی ایک بڑی وجہ بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ بھاری جرمانوں اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے شہری فوری طور پر اپنے لائسنس حاصل کریں۔

اس سے قبل لرنر لائسنس کے بعد باقاعدہ لائسنس کے لیے طویل انتظار (تقریباً 42 دن) ہوتا تھا لیکن اب اس عمل کو ہموار کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بغیر کسی انتظار کے لائسنس فراہم کیے جا سکیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے صوبے بھر میں حادثات کی روک تھام کے لیے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام ضلعی افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، بغیر لائسنس کے حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، جن علاقوں میں اکثر حادثات ہوتے ہیں وہاں اضافی نفری تعینات کی جائے، ون وے کی خلاف ورزی پر گاڑیوں کو روک کر چالان کیا جائے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، سفر کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے لین پر پابندیاں عائد کی جائیں۔
مزید پڑھیں‌:افسران کو مفت بجلی یونٹس،بڑا حکومتی فیصلہ سامنے آگیا

یہ بھی پڑھیں