اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ترجمان پاور ڈویژن نے ملک میں بجلی کی صورتحال سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے لوڈ مینجمنٹ کے دورانیے میں بھی کمی آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ رات ڈیموں سے تقریباً 30 ہزار کیوسک پانی خارج کیا گیا، جبکہ 15 اور 16 کی رات کو یہ مقدار صرف 8 ہزار کیوسک تھی۔ پانی کے اخراج میں اضافے کے نتیجے میں پن بجلی کی پیداوار 1800 میگاواٹ سے بڑھ کر 4100 میگاواٹ تک پہنچ گئی، یعنی تقریباً 2300 میگاواٹ کا اضافہ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پن بجلی کی پیداوار بڑھنے سے جنوبی علاقوں سے 400 میگاواٹ بجلی کی ترسیل میں بھی مدد ملی، جبکہ وسطی علاقوں میں گرڈ کے استحکام کے مسائل میں کمی آئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ زرعی مقاصد کیلئے پانی کی طلب میں اضافے سے پن بجلی کی پیداوار مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے کم ہو کر 2.5 سے 3 گھنٹے تک رہ گیا۔
حکام کے مطابق ایل این جی کی جلد دستیابی اور پن بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ کا عارضی مسئلہ جلد ختم ہونے کی توقع ہے۔
مزیدپڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے نئی اپڈیٹ،مکمل تفصیلات
