لاہور (نیوز ڈیسک) این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا، خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر برف باری کا بھی امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو بالائی اور وسطی پنجاب میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ 18 سے 23 اپریل تک جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو بارش ہوسکتی ہے، سندھ میں 19 اور 20 اپریل کو خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے کئی اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر برفباری بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش سے کمزور ڈھانچوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پھسلن والی سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے 16 سے 18 اپریل تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے اور مقامی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:رجب بٹ بڑی مشکل میں،عدالتی کارروائی کی تفصیلات سامنے آگئیں
