Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے، نیتن یاھو کی حزب اللہ کے اہداف پر بھرپور کارروائی کی ہدایت

(اوصاف نیوز)لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کی شب اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی جانب سے فوج کو حزب اللہ کے اہداف پر بھرپور طاقت سے حملہ کرنے کی ہدایت کے بعد سامنے آئی ہے۔

لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کم از کم 4 دیہاتوں کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں ان عمارتوں کو بمباری کا نشانہ بنایا ہے جنہیں حزب اللہ عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھی۔ فوج نے تصدیق کی کہ وہ سیاسی قیادت کی ہدایات کے مطابق خطرات کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب بنجمن نیتن یاھو نے اسرائیلی فوج کو لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر بھرپور طاقت سے حملہ کرنے کا حکم دیا اور دعویٰ کیا کہ حزب اللہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاھو نے یہ حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں تین ہفتے کی توسیع کے اعلان کے دو روز بعد دیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے لبنان کی جانب سے اسرائیل کی طرف آنے والے ایک مشتبہ فضائی ہدف کو مار گرایا ہے اور اسے حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

اسرائیلی فوج نے ایک دوسرے بیان میں مزید کہا کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں تعینات ان کی افواج پر بارود سے لیس ڈرون داغے ہیں اور ان کی فوج نے حزب اللہ کے ایک گودام سے بکتر شکن میزائلوں کا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نے حزب اللہ کے تین ارکان کو نشانہ بنایا جو بارود سے لیس ایک پک اپ گاڑی میں سوار تھے جبکہ جنوبی لبنان میں ایک موٹر سائیکل سوار کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ پر حملہ: وائٹ ہاؤس ترجمان کی چند منٹ قبل مزاق میں کی گئی پیش گوئی سچ ثابت ہوئی

یہ بھی پڑھیں