Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

حکومت نے دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کا مکمل ریکارڈ جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا

اسلام آباد (رضوان عباسی ) وفاقی حکومت نے دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کا مکمل ریکارڈ جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کی تفصیلی معلومات طلب کر لی ہیں۔ متعلقہ افسران کے نام، والدین کے نام اور قومی شناختی کارڈ نمبرز بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کے سروس گروپ، ایکس کیڈر حیثیت، موجودہ محکمہ، موجودہ تعیناتی اور موجودہ سکیل سے متعلق تفصیلات بھی اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کی تاریخ اور متعلقہ ملک کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ مطلوبہ ڈیٹا فوری طور پر فراہم کیا جائے تاکہ جامع ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کے حوالے سے مکمل رپورٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کو پیش کی جائے گی۔
ادھر سرکاری افسران کی دوہری شہریت سے متعلق پارلیمانی نگرانی مزید سخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے پالیسی امور پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے حساس عہدوں پر تعینات افسران کی شہریت سے متعلق معلومات کے حصول کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں