لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے۔قومی ٹیم کے ترجمان کے مطابق بابر اعظم گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور میڈیکل پینل کی جانب سے ان کا مسلسل معائنہ کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ٹیم انتظامیہ کا اہم اجلاس مکمل ہونے کے بعد پہلے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں تین فاسٹ باؤلرز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ اذان اویس کو ٹیسٹ کیپ دینے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ممکنہ پلیئنگ الیون میں امام الحق، شان مسعود، سلمان آغا، سعود شکیل، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق محمد عباس اور حسن علی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے جب کہ اسپن اٹیک میں ساجد خان اور نعمان علی میں سے کسی ایک کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کل صبح ایک روزہ دورے پر بنگلہ دیش روانہ ہوں گے۔ سربراہ پی سی بی پاکستان بنگلہ دیش ٹیسٹ کا پہلا دن دیکھیں گے۔ محسن نقوی بنگلہ دیش بورڈ کے سربراہ تمیم اقبال سے بھی ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں:معاہدے کے امکانات روشن،ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے پر آمادہ ہو گیا،صدر ٹرمپ کا دعوی


