Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

3 پاکستانی پروازیں بھارتی حدود میں داخل

لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب میں شدید خراب موسم اور طوفانی صورتحال کے باعث 3 پاکستانی مسافر طیارے مختصر وقت کے لیے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پروازوں نے موسم کی شدت سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کیا، جبکہ اس دوران لاہور اور امرتسر کے ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کے درمیان رابطہ برقرار رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سے دبئی جانے والی پرواز 9P-514 خراب موسم کے باعث اپنے معمول کے روٹ سے ہٹ گئی اور رات 9 بج کر 13 منٹ پر قصور کے قریب بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوئی،طیارہ تقریباً 20 منٹ تک بھارتی پنجاب کے اوپر پرواز کرتا رہا اور بعد ازاں رات 9 بج کر 33 منٹ پر بہاول نگر کے قریب دوبارہ پاکستانی فضائی حدود میں واپس آگیا۔

اسی طرح لاہور سے جدہ جانے والی پرواز 9P-586 بھی خراب موسمی حالات سے بچنے کے لیے رات 8 بج کر 52 منٹ پر کنگن پور کے قریب بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوئی اور 4 منٹ بعد سلیمانکی کے قریب دوبارہ پاکستانی حدود میں واپس آگئی۔

دوسری جانب دمام سے لاہور آنے والی پرواز PF-743 بھی خراب موسم کے باعث راستہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوئی، یہ پرواز رات 8 بج کر 59 منٹ پر حویلی لکھا کے قریب بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوئی اور تقریباً چھ منٹ بعد قصور کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں واپس آگئی۔ فضائی ذرائع کے مطابق لاہور میں موسم انتہائی خراب ہونے کے باعث بعض پروازوں کی لینڈنگ ممکن نہ رہی، جس کے نتیجے میں ایک پرواز کا رخ پشاور کی جانب موڑ دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کے دوران انسانی بنیادوں پر لاہور اور امرتسر کے ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز کے درمیان رابطہ اور تعاون جاری رہا تاکہ پروازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جا سکے۔

مزید پڑھیں۔بجٹ 27-2026: الیکٹرک گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر ٹیکس میں رعایت

یہ بھی پڑھیں