اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین Bilawal Bhutto Zardari نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی انتخابی کامیابی کے بعد حکومت سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر Amjad Advocate کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی نے امجد ایڈووکیٹ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت سازی کے مرحلے میں تمام منتخب ارکان اسمبلی سے رابطے کیے جائیں اور انہیں ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں حکومت پاکستان پیپلزپارٹی ہی تشکیل دے گی۔ انہوں نے پارٹی تنظیم کو ہدایت کی کہ کامیاب ہونے والے تمام ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور حکومت سازی کے لیے ان کی حمایت حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان میں ایسی حکومت قائم ہو جو مفاہمت، سیاسی ہم آہنگی اور وسیع اتفاق رائے پر مبنی ہو تاکہ عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت کو سیاسی رابطوں میں مثبت رویہ اپنانا چاہیے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہیے تاکہ گلگت بلتستان حکومت سازی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

