اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزیر چوہدری اظہر صادق نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی، ان کی شمولیت کی مرکزی تقریب کشمیر کونسل اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی و تنظیمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام تھے، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، کرنل (ر) وقار نور، بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ چوہدری اظہر صادق کے ہمراہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی،تقریب کے دوران انجینئر امیر مقام نے چوہدری اظہر صادق کو پارٹی مفلر پہنایا اور انہیں باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ چوہدری اظہر صادق کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور آزاد کشمیر میں تنظیمی ڈھانچہ بہتر ہوگا۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور کارکن مل کر آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ چوہدری اظہر صادق نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور پارٹی قیادت کے اعتماد پر شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تمام ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی سینئر قیادت کے احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور ان کی ٹیم ڈڈیال سمیت پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرے گی، چوہدری اظہر صادق نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی نمایاں کامیابی کی بھی پیش گوئی کی۔
مزید پڑھیں۔وینزویلا زلزلہ: میچ کی تیاری میں مصروف ارجنٹینا کے معروف فٹبالر کی بیوی اور بچے ہلاک


