اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان آمد کے موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کو گلدستہ پیش کیا۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اس موقع پر موجود تھے ۔
ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلی حکام شامل ہیں ۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے، علاقائی تعاون اور خطے کی صورتحال بھی دورے کے اہم موضوعات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں بعض امور پر اتفاق کیا گیا تھا جن پر عملدرآمد ابھی باقی ہے، گزشتہ دورے میں معاہدوں اور فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کو یقینی بنانے پاکستان آئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے اہم ملاقات بھی کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس دوران کہا کہ پاکستان آمد پر اپنے بھائی کو خوش آمدید کہتا ہوں،آپ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا،علاقائی صورتحال پر بھی پیش رفت کی امید ہے، دورہ مفید ثابت ہو گا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ اپنے بھائی محسن نقوی سے دوبارہ ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی ہے،پاکستان اور ایران کے تعلقات فقیدالمثال ہیں،پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کا ہمیشہ معترف رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی آج کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری


