اسلام آباد: مٹی کے تیل کی نئی قیمت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی تازہ قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کا اطلاق 21 جولائی کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت میں 5 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کا تیل 282 روپے 59 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس کے برعکس ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق صرف 21 جولائی کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے یومیہ قیمتوں کا نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے مطابق قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور گھریلو صارفین کے اخراجات پر اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ پیٹرول میں معمولی کمی سے عوام کو محدود ریلیف ملے گا۔


