Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

سونے کی قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ، فی تولہ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا نئی بلند ترین سطح پر فروخت ہونے لگا۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی کے باعث مقامی مارکیٹ بھی اس رجحان سے متاثر ہوئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے تک پہنچ گیا۔

اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 10 گرام سونا 4 ہزار 29 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی برقرار رہی، جہاں فی اونس سونا 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 68 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں ہونے والے اس اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی واضح طور پر سامنے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 300 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم آج کے اضافے نے قیمت کو مزید نئی بلندی پر پہنچا دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی اور عالمی منڈی میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مقامی مارکیٹ میں مزید تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں