حیدرآباد(حسنین علی شاہ): حیدرآباد نان چپاتی نئے نرخ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر نافذ کر دیے ہیں۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے بعد ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ضلع بھر میں تندوری نان اور چپاتی کی نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں 100 گرام چپاتی 15 روپے میں فروخت کی جائے گی، جبکہ 120 گرام تندوری نان 22 روپے اور 180 گرام تندوری نان 30 روپے میں دستیاب ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نئے نرخوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور تمام تندور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری نرخ نامہ اپنی دکان کے نمایاں مقام پر آویزاں کریں تاکہ شہری آسانی سے مقررہ قیمتیں دیکھ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں یا وزن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے افسران کو اچانک معائنے کرنے اور مقررہ وزن و قیمت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں گندم یا آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ ردوبدل ہوتا ہے تو حیدرآباد نان چپاتی نئے نرخ پر بھی حالات کے مطابق نظرثانی کی جائے گی تاکہ صارفین اور تندور مالکان دونوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
