اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 22 جولائی سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر کی نئی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 22 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے، صنعتی سرگرمیوں اور روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال اور پیٹرول پمپ بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ تعین موجودہ نظام میں قابلِ عمل نہیں اور اس سے پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان کے مطابق روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے اسٹاک کی منصوبہ بندی اور فروخت کے نظام میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں کا تعین دوبارہ ماہانہ یا ایسا قابلِ عمل نظام متعارف کرایا جائے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے اور پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال کے اعلان کے باعث عوام میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں صورتحال پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔

