لاہور: مون سون بارشیں ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہیں، جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ شدید گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بادلوں کا راج برقرار ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور کے علاوہ شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور شہریوں نے گرمی سے وقتی نجات محسوس کی۔
مون سون بارشیں پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی جاری رہیں۔ گجرات میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد جیل چوک، کچہری چوک اور دیگر سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، پیپلز کالونی، حافظ آباد روڈ اور چندہ قلعہ سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
ڈیرہ غازی خان میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد حبس کا خاتمہ ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
دوسری جانب پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔ یونیورسٹی روڈ انڈر پاس میں پانی جمع ہونے سے بی آر ٹی بس سروس کی مرکزی راہداری عارضی طور پر معطل رہی، جس سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات پیش آئیں۔
ادھر صوابی میں بھی رات بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جس سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسلا دھار بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

