اسلام آباد: شناختی کارڈ کا پتہ تبدیل کرنے کا طریقہ اب پہلے سے زیادہ آسان بنا دیا گیا ہے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے مستقل اور عارضی رہائشی پتے کی تبدیلی سے متعلق مکمل طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔
نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری کرائے کے گھر میں رہتا ہے اور اپنے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اسے کرایہ نامے کی نقل اور بجلی کے بل کی کاپی جمع کروانی ہوگی۔ ان دستاویزات کی تصدیق کے بعد نادرا عارضی پتے کی تبدیلی کا عمل مکمل کرے گا۔
اگر کوئی شہری کرائے کے مکان کا پتہ مستقل رہائشی پتہ بنوانا چاہتا ہے تو اس کے لیے مکان مالک کا حلف نامہ بھی ضروری ہوگا۔ اس حلف نامے میں مالک اس بات کی تصدیق کرے گا کہ متعلقہ شخص اس کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور اسے اس پتے کو شناختی دستاویزات میں مستقل پتہ درج کروانے پر کوئی اعتراض نہیں۔
نادرا حکام کے مطابق اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہے تو اسے دفتر میں جائیداد کے اصل کاغذات دکھانے ہوں گے۔ ان دستاویزات کو موقع پر اسکین کر لیا جائے گا اور فوٹو کاپی جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد شہریوں کے رہائشی ریکارڈ کو درست اور جدید رکھنا ہے تاکہ سرکاری دستاویزات میں درست معلومات موجود رہیں۔
شناختی کارڈ کہاں کہاں استعمال ہوا؟ اب ریکارڈ بھی دیکھیں
نادرا نے شہریوں کے لیے ایک اور اہم سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرتے ہوئے گزشتہ 10 برسوں میں شناختی کارڈ کے استعمال کی مکمل تفصیلات دیکھی جا سکتی ہیں۔
صارفین ایپ میں لاگ اِن کرنے کے بعد Usage History یا Verification History کے آپشن کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں کہ ان کا شناختی کارڈ کہاں اور کب استعمال ہوا، جیسے بینک اکاؤنٹ کھلوانے، سم کے اجرا یا دیگر تصدیقی مراحل میں۔
اگر صرف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل سموں کی تعداد معلوم کرنی ہو تو اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی یہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔



