اسلام آباد(رضوان عباسی: نئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کی تقرری سے متعلق حکومتی مشاورت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس اہم عہدے کے لیے انفارمیشن گروپ کے دو سینئر افسران کے انٹرویوز مکمل کر لیے ہیں، جبکہ حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کی جگہ نئے افسر کی تعیناتی پر غور جاری ہے۔ اس سلسلے میں انفارمیشن گروپ کی گریڈ 20 کی افسر رئیسہ عادل اور گریڈ 20 کے افسر شفقت عباس کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رئیسہ عادل کو اس اہم عہدے کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ وہ 29ویں کامن سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا ڈومیسائل سندھ اربن ہے۔ انہوں نے 11 فروری 2002 کو سول سروس میں شمولیت اختیار کی تھی، جبکہ مئی 2036 میں ریٹائرمنٹ کی عمر مکمل کریں گی۔
دوسری جانب شفقت عباس بھی انفارمیشن گروپ کے تجربہ کار افسر ہیں۔ وہ 27ویں کامن سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف اہم سرکاری ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث ان کا نام بھی نئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے لیے زیر غور امیدواروں میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو امیدواروں کے پیشہ ورانہ تجربے، انتظامی صلاحیتوں اور سرکاری ابلاغ کے شعبے میں خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ مشاورت مکمل ہونے کے بعد تقرری سے متعلق سمری کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں نئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔



