لندن(نیوز ڈیسک) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اوول کے میدان میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 13 ویں اوور میں فائنل کھیلنے کا ٹکٹ اپنے نام کرلیا۔
میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں انگلش ویمن ٹیم نے 40 رنز سے میچ اپنے نام کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو لارڈز کے میدان میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اپنے ممبرز سے درخواست کی ہے کہ وہ اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے سٹیڈیم ضرور آئیں۔
واضح رہے کہ ایم سی سی 2017 کی اُس صورتحال سے بچنا چاہتی ہے جب انگلینڈ کی جیت کے وقت ممبرز سٹینڈ کی نشستیں خالی تھیں۔
یاد رہے کہ 2017 میں انگلینڈ نے ویمن ورلڈ کپ فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی اور فائنل کے موقع پر 24 ہزار کے قریب تماشائی گراؤنڈ میں موجود تھے جبکہ ممبرز کی نشستیں خالی تھیں اور ممبرز کی نشستیں خالی ہونے کی وجہ سے ایم سی سی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں۔مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک توسیع دینے کا فیصلہ


