Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

صرف 11 روز میں دو لاکھ سے زائد عازمین کی آن لائن حج رجسٹریشن مکمل

اسلام آباد: آن لائن حج رجسٹریشن کے آغاز کے بعد صرف 11 روز میں دو لاکھ سے زائد عازمین نے آئندہ حج کے لیے کامیابی سے اپنا اندراج مکمل کر لیا، جسے حج انتظامات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 3 ہزار 722 افراد نے گھر بیٹھے رجسٹریشن کرائی۔ ان میں سے تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار عازمین نے ویب پورٹل کے ذریعے جبکہ 24 ہزار سے زائد افراد نے موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے اپنا اندراج مکمل کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 1 لاکھ 54 ہزار سے زیادہ درخواست گزاروں نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا، جبکہ تقریباً 49 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام نے رجسٹریشن کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور شفاف بنا دیا ہے۔

صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب سب سے آگے رہا، جہاں 95 ہزار عازمین نے رجسٹریشن مکمل کی۔ سندھ سے 63 ہزار، خیبر پختونخوا سے 28 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، بلوچستان سے 5 ہزار 500، آزاد کشمیر سے 1 ہزار 200 جبکہ گلگت بلتستان سے 600 افراد نے اپنا اندراج کرایا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ رجسٹریشن کرانے والوں میں 1 لاکھ 19 ہزار مرد اور 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک بھر سے شہری آن لائن حج رجسٹریشن کے نظام پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

حکام نے ایسے افراد سے اپیل کی ہے جو ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرا سکے، وہ مقررہ مدت کے اندر اپنا اندراج مکمل کریں تاکہ آئندہ حج کے مراحل بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں