نیویارک(نیوز ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جہاں مختلف بین الاقوامی بینچ مارکس کی قیمتیں حالیہ دنوں میں دباؤ کا شکار ہیں۔ توانائی کی عالمی مارکیٹ میں طلب و رسد کی صورتحال معاشی خدشات اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پالیسیوں کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
تازہ ترین تجارتی اعداد و شمار کے مطابق اماراتی مربن (Murban) خام تیل کی قیمت تقریباً 66 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت کم ہو کر 69 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی معیار سمجھے جانے والے برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بھی کمی کے بعد 72.12 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ ہفتوں کے مقابلے میں نسبتاً کم سطح ہے۔
عالمی معیشت کی رفتار بڑے درآمد کنندہ ممالک میں طلب کا رجحان تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار سے متعلق فیصلے اور جغرافیائی و سیاسی صورتحال خام تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں ان عوامل کی وجہ سے حالیہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا یہ رجحان برقرار رہتا ہے اور دیگر عوامل خصوصاً روپے کی قدر اور درآمدی اخراجات میں نمایاں تبدیلی نہیں آتی تو آئندہ ہفتہ وار جائزے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم مقامی قیمتوں کا حتمی تعین عالمی نرخوں کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم لیوی کاربن لیوی ٹیکسز،درآمدی لاگت اور شرح مبادلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جعلی افسر گرفتار