Search
Close this search box.
پیر ,20 جولائی ,2026ء

فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل، اے آئی سپر کمپیوٹر نے فاتح ٹیم بتا دی

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل سے قبل فٹبال شائقین کا جوش اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اوپٹا سپر کمپیوٹر نے بھی اپنے تجزیے کی بنیاد پر ممکنہ فاتح ٹیم کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فیصلہ کن معرکے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور سابق عالمی چیمپئن اسپین آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ تاریخی مقابلہ نیویارک میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے ہوگا۔

اعداد و شمار پر مبنی تجزیاتی ادارے اوپٹا کے اے آئی سپر کمپیوٹر نے 25 ہزار سے زائد ڈیجیٹل سیمولیشنز کے بعد اپنی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپین کے عالمی چیمپئن بننے کے امکانات 59.6 فیصد جبکہ ارجنٹینا کے ٹائٹل جیتنے کے امکانات 40.4 فیصد ہیں۔

تجزیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں کامیابی حاصل کرنے کا امکان 45 فیصد ہے، جبکہ تقریباً 29 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ میچ اضافی وقت تک جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ارجنٹینا کے مقررہ وقت میں کامیابی حاصل کرنے کے امکانات 26 فیصد بتائے گئے ہیں، تاہم فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ فائنل جیسے بڑے مقابلوں میں کسی بھی نتیجے کو یقینی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسپین اپنی تاریخ کا دوسرا ورلڈ کپ فائنل کھیل رہا ہے، جبکہ ارجنٹینا ساتویں مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے، جس کے باعث اس مقابلے کو حالیہ برسوں کے سب سے بڑے فٹبال مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل سے متعلق اوپٹا کا اے آئی سپر کمپیوٹر کوئی روایتی کمپیوٹر نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک جدید تجزیاتی ماڈل ہے، جو ٹیموں کی سابقہ کارکردگی، کھلاڑیوں کے اعداد و شمار اور دیگر تکنیکی عوامل کا جائزہ لے کر جیت کے امکانات کا تخمینہ لگاتا ہے۔

اب دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ میدان میں کون سی ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھال کر عالمی فٹبال کی سب سے بڑی ٹرافی اپنے نام کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں