Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

حکومت سے مفت ای اسکوٹی لینے کی اہلیت اور طریقہ سامنے آگیا

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے طلبہ و طالبات کیلئے الیکٹرک بائیک (ای اسکوٹی) اسکیم 2026 متعارف کرا دی، جس کے تحت ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو ماحول دوست سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اداروں تک محفوظ، آسان اور کم لاگت سفری سہولت مہیا کرنا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

اس اسکیم کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس مفت فراہم کی جائیں گی، جبکہ طلبہ کو یہی بائیکس بلاسود اور آسان اقساط پر دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے طالب علموں کے سفری مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

کون درخواست دے سکتا ہے؟
حکومتی ہدایات کے مطابق درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، درخواست دہندہ کسی ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہو۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس پنجاب کا مستقل ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔

مزید یہ کہ درخواست گزار کے پاس موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ موجود ہونا چاہیے، جبکہ وہ کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک بھی نہ ہو۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک ہی خاندان سے صرف ایک فرد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکے گا، چاہے ایک سے زیادہ بہن بھائی اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔

درخواست کیسے دی جائے؟
الیکٹرک بائیک اسکیم کیلئے درخواستیں صرف آن لائن پنجاب حکومت کے مقررہ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ امیدوار پہلے اپنی شناختی معلومات کے ذریعے رجسٹریشن یا لاگ اِن کریں گے، پھر درخواست فارم مکمل کرکے تمام مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے۔

درخواستیں موصول ہونے کے بعد متعلقہ حکام امیدواروں کی جانچ پڑتال کریں گے، جبکہ اہل درخواست گزاروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی رہے۔

کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی؟
درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ یا ب فارم، تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور خاندان سے متعلق مطلوبہ معلومات یا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

حکومت پنجاب نے طلبہ کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 042-111-333-267 بھی جاری کر دی ہے، جہاں درخواست کے طریقہ کار، اہلیت اور دیگر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں۔پاکستانی فری لانسرز کی شاندار کامیابی، زرمبادلہ میں ریکارڈ اضافہ

یہ بھی پڑھیں