Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

حوثیوں کی بحری ناکہ بندی، سعودی عرب کے خلاف بڑا اعلان

صنعاء: حوثیوں کی بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف فوری طور پر سمندری ناکہ بندی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر سکتے ہیں۔

حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں کہا کہ یمن کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور صنعاء ایئرپورٹ پر حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی نافذ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یمن پر جاری دباؤ اور محاصرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ صنعاء ایئرپورٹ کی مسلسل ناکہ بندی ناقابل قبول ہے اور یمنی عوام مزید خاموش نہیں رہ سکتے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ہر قسم کی کشیدگی اور کارروائی کا جواب اسی انداز میں دیا جائے گا۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے حوثیوں نے صنعا ایئرپورٹ پر حملوں کا الزام سعودی عرب پر عائد کیا تھا، جبکہ جوابی کارروائی میں سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

حوثیوں کی جانب سے جاری بیان میں ان فضائی کمپنیوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے جو سعودی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں کہ وہ ان کے انتباہ کو سنجیدگی سے لیں۔

دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (GCC) نے سعودی عرب پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، اور عالمی برادری کو اس معاملے پر مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

ادھر پاکستان نے بھی سعودی عرب پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک پاکستانی عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے ایران کو واضح پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے، اور اس پر کسی بھی حملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق اگر خطے میں موجودہ کشیدگی برقرار رہی تو نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی بلکہ عالمی تیل کی ترسیل، بحری تجارت اور توانائی کی منڈی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں