اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی نئی پالیسی پر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈیلرز کے مارجن میں اضافے اور ضابطہ سازی کے عمل میں انہیں شامل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم شعبے میں جاری اصلاحات، یومیہ قیمتوں کے نظام، ڈیلرز کو درپیش مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی نئی پالیسی کے تحت متعارف کرائے جانے والے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈیلرز نے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ یومیہ قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج (Rolling Average) کی بنیاد پر نافذ کیا جائے گا، جس کا مقصد قیمتوں کے تعین کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔ ان کے مطابق اس طریقہ کار سے ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ کی حوصلہ شکنی ہوگی، جبکہ مارکیٹ میں صحت مند مسابقت بھی فروغ پائے گی۔
پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے پر حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عالمی خدشات کے باوجود سپلائی چین متاثر نہیں ہوئی۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور پیٹرولیم ڈیلرز سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو بھی شامل کیا جائے۔ اس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ضابطہ سازی کے عمل کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ متوازن اور قابلِ عمل پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔
علی پرویز ملک نے پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 8 فیصد تک اضافے کی تجویز پر بھی غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور اوگرا کے درمیان اہم اجلاس کل منعقد ہوگا، جس میں مارجن سمیت دیگر اہم معاملات پر پیش رفت کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایک شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے اصلاحات کا عمل تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے آگے بڑھائے گی۔


