Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام، غیر ملکی ڈاکٹر سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کریں گے

لاہور: پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت غیر ملکی اور پاکستانی نژاد ماہر ڈاکٹر اور سرجن پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی خدمات فراہم کریں گے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا، جدید علاج کی سہولت بڑھانا اور مقامی ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے تحت دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی نژاد اور غیر ملکی اسپیشلسٹ ڈاکٹر مختلف سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا معائنہ، علاج اور پیچیدہ آپریشنز میں معاونت کریں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ماہرین مقامی ڈاکٹروں، سرجنز اور دیگر طبی عملے کو جدید طبی تکنیک، نئی سرجیکل مہارتوں اور عالمی معیار کے علاج سے متعلق خصوصی تربیت بھی فراہم کریں گے، تاکہ صحت کے شعبے میں دیرپا بہتری لائی جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی عوام کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں بعض شعبوں میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی ایک بڑا چیلنج رہی ہے، جسے پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے ذریعے مؤثر انداز میں پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق اس پروگرام سے نہ صرف مریضوں کو جدید علاج کی سہولت حاصل ہوگی بلکہ مقامی ڈاکٹر بھی بین الاقوامی ماہرین سے تربیت حاصل کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لا سکیں گے، جس کے مثبت اثرات مستقبل میں صوبے کے صحت کے نظام پر مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں