Search
Close this search box.
منگل ,21 جولائی ,2026ء

گوگل سرچ ٹریفک ریکارڈ، فیفا ورلڈ کپ نے 28 سالہ تاریخ بدل دی

ویب ڈیسک: گوگل سرچ ٹریفک ریکارڈ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک سنسنی خیز مقابلے کے دوران قائم ہو گیا، جہاں دنیا بھر کے صارفین نے بیک وقت اتنی بڑی تعداد میں معلومات تلاش کیں کہ گوگل کی 28 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سرچ ٹریفک کی نئی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل پر معمول کے مطابق ہر سیکنڈ تقریباً 99 ہزار سے زیادہ سرچز اور روزانہ اوسطاً 9 ارب سے زائد تلاشیں کی جاتی ہیں، تاہم کمپنی کے مطابق ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے مقابلے نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔

گوگل کے شعبۂ نالج اینڈ انفارمیشن کے سربراہ نک فوکس کے مطابق 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے فوراً بعد سرچ ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جو گزشتہ 28 برس میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ریکارڈ ثابت ہوا۔

کمپنی نے اگرچہ فی سیکنڈ ہونے والی سرچز کی درست تعداد جاری نہیں کی، تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن لمحے کے بعد گوگل پر سرچز کی رفتار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ان کے بقول ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے دنیا بھر کے صارفین ایک ہی وقت میں ایک ہی موضوع کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتے ہوں۔

ماہرین کے مطابق بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلے، خاص طور پر فیفا ورلڈ کپ، انٹرنیٹ صارفین کی دلچسپی کا مرکز بن جاتے ہیں، جس کے باعث سرچ انجنز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اسٹریمنگ سروسز پر ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ اس تاریخی ٹورنامنٹ نے کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں بھی نئے ریکارڈ قائم کیے۔

یہ بھی پڑھیں