Search
Close this search box.
پیر ,20 جولائی ,2026ء

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو 24 گھنٹوں کی مہلت دے دی ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر حالیہ اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند کرنے، دفاتر کی تالہ بندی اور ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ندیم اختر آرائیں نے صدر ملک شیر خان، وائس چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملکی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، لیکن مسلسل بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں نے اس صنعت کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آنے کے باوجود اس کا فائدہ پاکستان میں عوام اور ٹرانسپورٹرز تک منتقل نہیں کیا جا رہا، جس کے نتیجے میں مال برداری کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف صوبوں میں گڈز گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کو غیر ضروری چیکنگ، بھاری جرمانوں، مبینہ رشوت ستانی اور ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری مزید مشکلات میں گھرتی جا رہی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر بندرگاہوں سے درآمدی و برآمدی سامان کی ترسیل، تیل کی سپلائی، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی نقل و حمل شدید متاثر ہو سکتی ہے، جس کے اثرات براہ راست ملکی معیشت اور عوام پر پڑیں گے۔

تنظیم نے بتایا کہ ملک بھر کی بڑی ٹرانسپورٹ تنظیموں سے رابطے جاری ہیں اور جلد مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جس میں پہیہ جام ہڑتال سمیت دیگر احتجاجی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

کراچی گڈز کیریئرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر فوری نظرثانی کی جائے، ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کیے جائیں اور شعبے کو درپیش بحران کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں