راولپنڈی(نیوزڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت دہشت گرد سرغنہ کرامت عرف حنزلہ اور دہشت گرد ریحان کے نام سے ہوئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے، اس میں ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا حالیہ اغواء بھی شامل ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔


