اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نئے مالی سال کے آغاز پر ایل پی جی صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی، اوگرا نے جولائی کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 67 روپے 33 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے مقرر کر دی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق جولائی کے مہینے کے لیے ہو گا۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کو بھی بڑا ریلیف ملا ہے، 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلَنڈر کی قیمت میں 794 روپے 5 پیسے کمی کر دی گئی ، اس کمی کے بعد گھریلو سلَنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایل پی جی قیمتوں میں کمی سے گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان، چھوٹے کاروباری افراد اور ایسے علاقوں کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا جہاں قدرتی گیس دستیاب نہیں یا گیس پریشر کم رہتا ہے۔
نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں ایل پی جی سستی ہونے کو عوام کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات میں اضافہ سے عوام پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی سے روزمرہ اخراجات میں کسی حد تک کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں،سونا ہزاروں روپے سستا، فی تولہ بڑی کمی ہوگئی
