احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں صدر آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا، عدالت نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر آصف زرداری کی نیب مقدمات میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری ملک کے صدر ہیں ان کے خلاف کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔
مزید پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت 3میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل عہدے پر ترقی، نئی ذمہ داریاں بھی مل گئیں
فیصلے میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ان درخواستوں پر استغاثہ کی جانب سے کوئی اعتراض یا مخالفت نہیں کی گئی، صدر مملکت کے خلاف کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جا سکتا اور آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت کوئی کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ لہٰذا صدر آصف علی زرداری کی مقدمات سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور ہیں۔


