اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی اپنی تجویز پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے میڈیا ہاؤسز اور اسٹیک ہولڈرز کو مجوزہ پی ای سی اے ترمیمی بل 2024 اور اتھارٹی کے قیام پر مشاورت کے لیے مدعو کیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں اس معاملے پر مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
مزید پڑھیں: کمرہ عدالت سے عمران خان کی تصویر کیسے لیک ہوئی؟
ذرائع نے بتایا کہ ریگولیٹری اتھارٹی حکومت کو ڈیجیٹل حقوق، انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے سے متعلق معاملات پر مشورہ دے گی۔ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی مجوزہ اتھارٹی کے ذریعہ آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرے گی۔
مزید یہ کہ مشاورتی اجلاس میں سوشل میڈیا پر قانون کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے طریقہ کار اور گواہوں اور سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو طلب کرنے پر غور کیا جائے گا۔
حکومت کا خیال ہے کہ یہ بل شہریوں کی نجی زندگی کی رازداری کو سوشل میڈیا سے لاحق خطرات سے بچانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ مجوزہ پی ای سی اے ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔




