مری (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن نے بڑا مشاورتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف نے ملکی سیاسی معاملات پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کی۔ اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو مری پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ عدالتی فیصلے پر قیادت کو بریفنگ دیں گے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف خصوصی شرکت کریں گے۔ جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، وزیر قانون نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔
وزیراعظم پارٹی صدر کو ملک کی قومی قیادت سے رابطوں پر بریفنگ دیں گے۔ وزیر دفاع آپریشن ریزولو سٹیبلیٹی پر پیش رفت اور تیاریوں پر بریفنگ دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف گزشتہ 17 روز سے مری میں مقیم ہیں، نواز شریف اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی امور پر پارٹی رہنما اصول جاری کریں گے۔
شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات:
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مری میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چھانگلہ گلی مری میں ون آن ون ملاقات ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے محرکات اور اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزیدپڑھیں :رہائی کے بعدصنم جاوید کوپھر گرفتار کرلیاگیا



