Search
Close this search box.
پیر ,27 جولائی ,2026ء

راولپنڈی ،ڈینگی کیسز میں اضافہ، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ

لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرصدارت لاہور،راولپنڈی،فیصل آباد سمیت دیگراضلاع میں ڈینگی کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی کاایک اہم اجلاس ،صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

کابینہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ڈینگی مریضوں کی کلینیکل مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ٹیکنیکل گروپ راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث اموات اور زیرعلاج مریضوں میں مرض کی شدت کی وجوہات کا تعین کرےگا۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش کم ہونے پر نجی ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کا بندوبست کیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ ٹیکنیکل گروپ راولپنڈی میں ڈینگی کےباعث اموات اور مرض کی شدت کی وجوہات کاتعین کرکے رپورٹ بھجوائے۔ ڈینگی بارے آگاہی بڑھانے کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری ۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے اگلے ایک ماہ کا ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ بہتر سرویلنس کی وجہ سے لاہور میں ڈینگی کی صورتحال بہتر ہے۔ راولپنڈی میں کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ محکموں کو الرٹ رہنا ہو گا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈینگی مریضوں کے بہتر علاج معالجے کے لیے راولپنڈی میں سرکاری اسپتالوں کی استعداد میں اضافہ کیا جائے۔ اسپتالوں میں ادویات اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے مستند ڈیٹا کی دستیابی نہایت ضروری ہے۔ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد بہتر لائحہ عمل اختیار کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں