لاہور: ٹریفک پولیس لاہور کی وردی ایک بار پھر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس متعارف کرائی گئی نئی یونیفارم زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور اب اہلکار دوبارہ پرانے طرز کی وردی میں نظر آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے اہلکار اب سفید شرٹ اور نیلی پینٹ کے بجائے دوبارہ بلش گرے رنگ کی یونیفارم استعمال کریں گے۔ اس فیصلے کا مقصد تمام پولیس یونٹس کی وردیوں میں یکسانیت پیدا کرنا بتایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ سابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اطہر وحید کے دور میں ٹریفک وارڈنز کی وردی تبدیل کی گئی تھی۔ اس وقت اہلکاروں کو نئی یونیفارم کی خریداری کے لیے تقریباً پانچ ہزار روپے بھی فراہم کیے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس لاہور کی وردی کی تبدیلی سے متعلق ڈی آئی جی لاجسٹکس کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے آئی جی لاجسٹکس اور ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہر پولیس یونٹ کے اہلکاروں کو نئی سرکاری یونیفارم فراہم کی جائے گی تاکہ صوبے بھر میں ایک مربوط اور یکساں نظام اپنایا جا سکے۔
دوسری جانب یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کی موجودہ وردی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی اور وہ بدستور اپنے موجودہ یونیفارم پیٹرن کے مطابق فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
