Search
Close this search box.
اتوار ,26 جولائی ,2026ء

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل پر ٹرانسپورٹرز کا بڑا مطالبہ

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے حکومتی فیصلے پر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے کاروباری منصوبہ بندی متاثر ہو رہی ہے اور شعبے کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل، بڑھتے ہوئے اخراجات اور حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کرایوں، سپلائی شیڈول اور کاروباری معاہدوں کو برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ایندھن کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے کم از کم 15 روز یا ایک ماہ کے وقفے سے کیا جائے تاکہ کاروباری استحکام برقرار رہ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری پہلے ہی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے باعث مشکلات سے دوچار ہے، اس لیے ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر محصولات میں بھی ریلیف دیا جائے۔ ان کے مطابق دسمبر میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے معاہدے پر بھی مکمل عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز موجودہ حالات میں بھی ملکی معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ٹرانسپورٹرز کے مؤقف کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مشکل معاشی فیصلے کر رہی ہے، تاہم ٹرانسپورٹ سیکٹر کے جائز تحفظات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں