Search
Close this search box.
اتوار ,26 جولائی ,2026ء

12 اگست مکمل سورج گرہن کیوں خاص ہوگا؟ ناسا نے اہم تفصیلات بتا دیں

واشنگٹن: 12 اگست مکمل سورج گرہن دنیا بھر میں فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ناسا کے مطابق یہ گرہن کئی حوالوں سے منفرد ہوگا، کیونکہ چند خوش نصیب علاقوں میں لوگ سورج غروب ہونے کے دوران مکمل سورج گرہن کا حیرت انگیز منظر بھی دیکھ سکیں گے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق آخری مکمل سورج گرہن تقریباً دو سال قبل دیکھا گیا تھا، جبکہ اس بار 12 اگست کو ہونے والا گرہن محدود جغرافیائی علاقوں میں مکمل طور پر نظر آئے گا۔

ناسا کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی حصے اور پرتگال کے ایک محدود علاقے کے رہائشی مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کر سکیں گے۔ خاص طور پر اسپین میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا منظر انتہائی دلکش اور نایاب تصور کیا جا رہا ہے، جو آسمانی مناظر کے شوقین افراد کے لیے یادگار لمحہ ہوگا۔

اس کے علاوہ یورپ اور شمالی افریقا کے کئی ممالک میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ روس بھی ان منفرد ممالک میں شامل ہے جہاں مختلف علاقوں میں سورج طلوع اور سورج غروب ہونے کے دوران جزوی گرہن کا مشاہدہ ممکن ہوگا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا نظارہ برسوں بعد دیکھنے کا موقع ملتا ہے، اسی لیے 12 اگست مکمل سورج گرہن کو حالیہ برسوں کے اہم فلکیاتی واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست آنکھوں سے دیکھنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے بینائی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ گرہن دیکھنے کے لیے صرف منظور شدہ سولر فلٹرز یا خصوصی حفاظتی چشموں کا استعمال کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں