Search
Close this search box.
اتوار ,26 جولائی ,2026ء

آٹے کی قیمت میں اضافہ، مختلف شہروں میں شہری مزید پریشان ہوگئے

اسلام آباد:آٹے کی قیمت میں اضافہ ایک بار پھر عوام کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے، جہاں ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کے نرخ بڑھنے سے شہریوں کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث آٹے کی قیمتیں بھی اوپر جا رہی ہیں۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں صرف دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 سے 150 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2,650 روپے سے بڑھ کر 2,800 روپے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2,900 روپے سے بڑھ کر 3,000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ گندم کی خریداری مہنگی ہونے کی وجہ سے آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اگر خام مال کی قیمتوں میں کمی نہ آئی تو آنے والے دنوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

ادھر فیصل آباد میں بھی مختلف علاقوں میں آٹے کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں گندم مہنگے داموں مل رہی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمت بڑھانا پڑی۔ اسی صورتحال کے پیش نظر بعض علاقوں میں تندور مالکان نے روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

سکھر میں فائن آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو جبکہ چکی کا آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خورونوش پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، جبکہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کر دیا ہے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں