اسلام آباد: خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں اور ملازمین کے لیے حکومت پاکستان نے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خلیج فارس میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی کشیدگی کے پیش نظر متعلقہ حکام نے پاکستانیوں کو محتاط رہنے اور مقامی قوانین کی مکمل پابندی کرنے کی تاکید کی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث خلیج کے بعض علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال غیر یقینی ہو سکتی ہے، اس لیے خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک محفوظ مقامات پر رہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق فوجی تنصیبات، ہوائی اڈوں، سرکاری دفاتر اور دیگر حساس مقامات کے قریب جانے سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ ایسی جگہیں ہنگامی حالات میں زیادہ حساس تصور کی جا سکتی ہیں۔
حکام نے پاکستانی شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مقامی پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام احکامات پر سختی سے عمل کریں۔ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین کرنے یا غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے بھی گریز کیا جائے۔
بیورو آف امیگریشن نے واضح کیا ہے کہ فوجی سرگرمیوں، میزائل حملوں، دفاعی تنصیبات یا کسی حساس مقام کی تصاویر اور ویڈیوز بنانا، انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا یا دوسروں کو بھیجنا متعلقہ ممالک کے قوانین کے تحت سنگین جرم ہو سکتا ہے، جس پر جرمانے، گرفتاری، ملک بدری اور مستقبل میں دوبارہ داخلے پر پابندی جیسی کارروائی بھی ممکن ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک میں احتجاج، جلسوں یا عوامی مظاہروں میں شرکت بھی مقامی قوانین کے خلاف ہو سکتی ہے، اس لیے پاکستانی شہری ایسی سرگرمیوں سے مکمل طور پر دور رہیں۔
بیورو آف امیگریشن نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی ضرورت کی صورت میں پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے فوری رابطہ کریں۔