اسلام آباد:پی اے آر سی بھرتیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) نے مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث جاری بھرتیوں کا پورا عمل فوری طور پر ختم کرتے ہوئے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق پی اے آر سی انتظامیہ نے بھرتیوں کی منسوخی کا باضابطہ آرڈر جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے تحت جن امیدواروں کو تقرری یا آفر لیٹر جاری کیے جا چکے تھے، ان کی تقرریاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ منظوری کے مرحلے میں موجود تمام کیسز بھی کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی ابتدائی تحقیقات کے بعد ادارے نے متعلقہ افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسی سلسلے میں ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ فخر زمان واہلہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن فرقان ظفر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ دونوں افسران کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی اے آر سی کی پانچ رکنی محکمانہ اسکروٹنی کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ مکمل کر کے متعلقہ حکام کو پیش کر دی، جس کی روشنی میں بھرتیوں کی منسوخی اور افسران کی معطلی کی منظوری دی گئی۔
ادارے کی جانب سے تاحال اس معاملے پر تفصیلی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے اور اگر مزید بے ضابطگیوں کے شواہد سامنے آئے تو مزید انتظامی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
