لاہور: عبدالعلیم خان آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص نوجوانوں، پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال قومی مفاد، شعور اور ذمہ داری کے ساتھ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات صرف حکومتوں کی تبدیلی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل، ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ بھی ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی کے لیے مقامی سطح پر ریونیو کے نئے ذرائع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق جب تک خطہ اپنی معیشت کو مضبوط نہیں بنائے گا اور آمدنی میں اضافہ نہیں کرے گا، اس وقت تک ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کرنا مشکل رہے گا۔
عبدالعلیم خان نے سرمایہ کاری کو خطے کی معاشی بہتری کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا چاہیے جہاں مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری میں اضافے سے صنعت، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، بنیادی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے تو اس سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ووٹ دیتے وقت ذاتی وابستگیوں یا وقتی نعروں کے بجائے اپنے بچوں کے مستقبل، علاقے کی ترقی اور آزاد کشمیر کی خوشحالی کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کیے گئے وعدوں اور کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا جائے اور فیصلہ دیانت، خدمت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔
عبدالعلیم خان آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے نوجوانوں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف خود ووٹ ڈالنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے والدین اور دیگر اہل خانہ کو بھی پولنگ اسٹیشن لے کر جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام جمہوری عمل میں حصہ لے سکیں۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار اور آزاد کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

