لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے اسکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس کو ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری میں طلبہ اور تدریسی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
PDMA کی جانب سے جاری کردہ خط تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کیا گیا ہے تاکہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح پر پیشگی تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایڈوائزری میں سفارش کی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کی جائے تاکہ طلبہ کو شدید گرمی سے بچایا جا سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ اگر درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا تو گرمیوں کی چھٹیاں قبل از وقت دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔
صوبائی حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ شدید گرمی میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
مزیدپڑھیں:واٹس ایپ کا حیران کن پرائیویسی فیچر سامنے آگیا


