Search
Close this search box.
جمعه ,24 جولائی ,2026ء

سیلابی صورتحال اور بارشوں کے نئے اسپیل پر الرٹ جاری

اسلام آباد( اوصاف نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور بارشوں کے نئے اسپیل پر الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے جب کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے نویں اسپیل کے دوران سندھ کے جنوبی اضلاع بشمول ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، کراچی، حیدرآباد اور جامشورو میں بارشوں کا امکان ہے جب کہ سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، خیرپور، دادو اور جیکب آباد میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد پر 5 لاکھ 7 ہزار اور چنیوٹ میں 5 لاکھ 24 ہزار کیوسک بہاؤ موجود ہے، خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک کے ساتھ اونچے درجے کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ مرالہ اور تریموں کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا بہاؤ برقرار ہے۔

مزید بتایا کہ دریائے راوی میں شاہدرہ پر ایک لاکھ اور بلوکی پر ایک لاکھ 34 ہزار کیوسک بہاؤ موجود ہے جب کہ ہیڈ سدھنائی پر ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک کے ساتھ شدید اونچے درجے کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک بہاؤ کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے جب کہ سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال جاری ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے ساتھ بھارتی ڈیموں سے پانی کے مسلسل اخراج نے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انخلا کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔
مزید پڑھیں‌:حکومت کا بڑا اعلان: صرف 8300 روپے میں الیکٹرک اسکوٹر، خواتین کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر

یہ بھی پڑھیں