راولپنڈی (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جس کی صدارت جج امجد علی شاہ نے کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کی عدم حاضری پر تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ساتھ ہی عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کے خلاف بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور راولپنڈی پولیس کو حکم دیا کہ وہ علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کریں۔
علیمہ خان کے علاوہ مقدمے میں نامزد دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کے پانچ گواہان بھی مال مقدمہ کے ساتھ عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات بھی جاری کیں۔
سماعت سے قبل عدالت کے باہر لیڈیز پولیس کی بڑی تعداد تعینات رہی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان کی عدم حاضری پر ضمانت منسوخی کی کارروائی کی جائے گی۔
وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کے خلاف جاری وارنٹ غیر قانونی ہیں اور یکطرفہ فرد جرم کی کارروائی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی دفعہ پہلے ہی عدالت میں چیلنج کی جا چکی ہے، لہٰذا فرد جرم کیسے لگائی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے کس شہر میں امریکا کے وائٹ ہاؤس جیسا محل بن رہا ہے؟




