اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بری امام میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران حالات کشیدہ ہو گئے۔
آپریشن سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے تحت کیا جا رہا تھا۔
آپریشن کے آغاز پر پولیس نے اہلِ علاقہ کو زبردستی گھروں سے باہر نکالنا شروع کیا، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔
بری امام اور ملپور میں سی ڈی اے آپریشن کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔شدید احتجاج کیا اور مری ایکسپریس وے بلاک کردیا۔ pic.twitter.com/u8vehEyuW4
— Latif Shah (@LatifShah27163) January 5, 2026
عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
متاثرہ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی ان کی آنکھوں کے سامنے تباہ کی جا رہی ہے جبکہ انہیں کسی قسم کی متبادل رہائش فراہم نہیں کی گئی۔
سی ڈی اے آپریشن کے خلاف رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے مری روڈ کو بند کر دیا، جس کے باعث مری روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
احتجاج کے دوران متاثرین نے مطالبہ کیا کہ بے دخلی سے قبل انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے۔
اہلِ علاقہ کی جانب سے مزاحمت پر پولیس نے مزید نفری طلب کر لی، تاہم بڑھتے ہوئے احتجاج اور مری روڈ کی بندش کے بعد انتظامیہ نے آپریشن عارضی طور پر روک دیا۔
بعد ازاں رہائشیوں کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر دیا گیا۔
تاحال انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے متبادل رہائش یا آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آ سکا، جبکہ علاقے میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔
مزید پڑھیں:اے آئی کی تیزی سے بڑھتی ترقی پر ماہرین نے دنیا کو خبردار کردیا

